۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
حرم امام رضا (ع) کے خدام کے ہاتھوں ضرورتمندوں میں امدادی پیکیٹس کی تقسیم

حوزہ/ روضہ امام علی رضا علیہ السلام کی جانب سے ضرورت مندوں کے درمیان آٹھ لاکھ اٹھاسی ہزار امدادی پیکیٹس کی تقسیم کے لئے، " مہربانی کا دستر خوان " پروگرام کا چوتھا مرحلہ ، حرم کے خدام کی شرکت کے ساتھ پورے ایران میں شروع ہو گیا ہے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر نے آٹھ لاکھ اٹھاسی ہزار پیکیٹس کی تقسیم کی تقریب میں کہا کہ اس منصوبے کے تحت امام رضا علیہ السلام کے مقدس روضے کے ایک لاکھ گیارہ ہزار خدام ، پورے ایران میں ضرورت مندوں کے درمیان امدادی سامان تقسیم کریں گے ۔ یہ تقریب ویڈيو کانفرنسنگ کی ذریعے امام رضا علیہ السلام کے مقدس روضے میں منعقد ہوئي ۔

کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر محمد حسین استاد آقا نے کہا کہ امدادی پیکیٹس  میں چاول ، تیل ، ٹومیٹو پیوری ، نوڈلس اور دالیں وغیرہ شامل ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ اب تک نوے ارب تومان کے بجٹ کے ساتھ ایران کے اٹھائیس صوبوں میں شروع ہو چکا ہے اور امام رضا علیہ السلام کے یوم ولادت تک یعنی دو مہینوں تک جاری رہے گا ۔

آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام احمد مروی نے بھی اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ ماہ مبارک رمضان کی ایک حکمت یہ بھی ہے کہ اس مہینے میں مالدار لوگ بھوکے و پیاسے رہ کر غریبوں کی حالت کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو ضرورت مندوں کا درد محسوس نہیں کرتا وہ ، ضرورت مندوں کی مدد بھی نہيں کر سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کی ایک برکت ضرورت مندوں  اور غریبوں کی مدد بھی ہے اور ہمیں اس مبارک مہینے کے دوران اپنے روزوں اور عبادتوں کو ضرورت مندوں کی مدد کے ذریعے مکمل کرنا چاہیے ۔

آستان قدس رضوی کے متولی نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ ضرورت مندوں کو ديے جانے والے سامان کی کوالٹی پر توجہ ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں کی عزت و احترام کا تحفظ ضروری ہے اس لئے انہیں جو سامان دیا جائے اس پر بہت توجہ کی ضرورت ہے ۔

آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام احمد مروی نے کہا کہ ملک بھر کے ضرورت مندوں کو امدادی سامان دینے کا یہ منصوبہ ، امام رضا علیہ السلام کے نام پر اور ان کے خدام کے ہاتھوں چلایا جا رہا ہے اس لئے سامان کے انتظام اور منصوبے کے دیگر مراحل میں ائمہ اطہار خاص طور پر امام رضا علیہ السلام کی سیرت و رفتار و کردار کی جھلک نظر آنا چاہيے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .